بھٹکل:28/نومبر (ایس او نیوز) مرکزی حکومت کے نوٹ کالعدم منصوبے کے خلاف آج جہاں ایک طرف کانگریس نے یوم طیش مناکر عوام کو ہونے والی دشواریوں کو ظاہر کرنے کی کوشش کی تو دوسری طرف مرکز کی حکمراں جماعت بی جے پی اور سنگھ پریوار کی تنظیموں نے ’’یوم ِ جشن ‘‘ مناتے ہوئے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی کہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاجی بند مکمل طور پر ناکام ہوا اور عوام نے مودی کے نوٹ بندی کی حمایت کی۔ بی جے پی لیڈران نےعوام کو یہ بتانے کی بھی کوشش کی کہ نوٹ کالعدمی سے بھارت کا مستقبل روشن ہوگا۔ بھٹکل میں پورا بازار کھلا ہونے اور عام زندگی پر بھارت بند کا کوئی اثر نہ ہونے پر بی جے پی نے شہر کے چن پٹن شری ہنومنت مندر کے صحن میں مٹھائی تقسیم کرکے خوشی ومسرت کااظہار کیا۔ شام میں شمس الدین سرکل پر بی جے پی کارکنان نے پٹاخے چھوڑتے ہوئے جشن منایا۔ اس موقع پر بی جے پی مقامی صدر راجیش نائک، گوندنائک، سنیل بی نائک، پرمیشور دیواڑیگا، دینیش نائک، رام چندر بینگرے ، پرمود جوشی، بھاسکر دئیمنے ، موہن دیواڑیگا، سنتوش نائک، پدمیا نائک، ایشور دوڈمنے وغیرہ موجود تھے۔